دہرادون، 14 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی جے پی کے سینئر لیڈر اور اتراکھنڈ کی نینی تال سیٹ سے ایم پی بھگت سنگھ کوشیاری نے جمعرات کو کہا کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات نہیں لڑیں گے۔کوشیاری نے کہا کہ میں نے اس بار الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ نئے لوگوں کو موقع ملنا چاہئے۔ سابق وزیر اعلی نے کہا کہ انہوں نے اپنے اس فیصلے سے ریاستی پارٹی کے سربراہ کو آگاہ کیا ہے اور اگر ان سے پوچھا جائے گا تو وہ پارٹی کی مرکزی قیادت کو بھی اس بارے میں بتا دیں گے۔یہ پوچھے جانے پر کہ الیکشن نہ لڑنے کے ان کے فیصلے سے کیا پارٹی کے امکانات خراب نہیں ہوں گی، بی جے پی لیڈرنے کہا کہ انہیں ایسا نہیں لگتا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے حق میں لہر چل رہی ہے اور ملک کی عوام انہیں دوبارہ اقتدار پیش کرنا چاہتی ہے۔اس سیٹ پر بی جے پی کا متفقہ طور پر اتارا گیا کوئی بھی امیدوار جیت جائے گا۔اتراکھنڈ میں 11 اپریل کو پہلے مرحلے میں انتخابات ہونا ہے جس کے لئے 18 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گی اور کاغذات نامزدگی بھرنے کا کام شروع ہو جائے گا۔